کاروار،5؍اگست (ایس او نیوز) یونین پبلک سروس کمیشن(یو پی ایس سی) کے تحت منعقد کیے جانے والے امتحان میں امسال شمالی کینرا سے کُل 4طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ جس میں شمالی کینرا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2لڑکیاں بھی شامل ہیں۔
امسال کے پبلک سروس امتحان میں ملک بھر سے 829طلبہ شریک ہوئے تھے۔کرناٹکا سے 25سے زائد طلبہ نے حصہ لیا تھا۔امتحان کے نتائج کے مطابق شمالی کینرا سے ڈانڈیلی کے سچن ہیرے مٹھ نے 213رینک، انکولہ کی ہیما نائک نے 225رینک، کمٹہ کتگال کی بی کرتی نے 297رینک اور یلاپورکے وینکٹرمنا کوڈیکر نے 363رینک کے ساتھ کامیابی درج کی ہے۔
معلوم ہوا ہے سچن ہیرے مٹھ اس سے پہلے آندھرا پردیش کی آئی پی سی نامی کمپنی میں ملازمت کرتاتھا، مگر اس نے نوکری سے استعفیٰ دے کر پبلک سروس امتحان کے لئے دہلی کے واجی رام اینڈ روی کوچنگ سینٹرجوائن کرلیا تھا اور وہاں پر گزشتہ دوسال سے مسلسل تربیت حاصل کررہا تھا۔پچھلے تین مہینوں سے وہ کلکتہ میں واقع انڈین اسپورٹس اتھاریٹی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہا ہے۔
انکولہ کی ہیما کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس نے 2017میں بھی یو پی ایس سی کا امتحان دیا تھامگر کامیاب نہیں ہوپائی تھی۔امسال دوسری مرتبہ انٹرویوکے دوران اس نے کامیابی حاصل کرلی۔اس کے والدرئٹائرڈ ٹیچر ہیں جبکہ اس کی والدہ ابھی پرائمری اسکول میں ٹیچر کی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
کمٹہ کتگال کی کرتی اس وقت بنگلورو میں مقیم ہے۔ وہ محکمہ تعلیمات کے وظیفہ یاب جوائنٹ ڈائریکٹر بھاسکر بھٹ کی بیٹی ہے اور انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرچکی ہے۔
جہاں تک یلاپور کے وینکٹرمنا کی بات ہے انہوں نے انجینئرنگ تعلیم مکمل کی ہے اور اس وقت اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں ملازم ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل چار مرتبہ یوپی ایس کے انٹرویو کا سامنا کیا تھا۔ اب پانچویں بار وہ امتحان پاس کرنے میں پوری طرح کامیاب ہوگئے ہیں۔ان کی خاص بات یہ ہے کہ یو پی ایس سی امتحان کے لئے انہوں نے کسی بھی قسم کی خاص ٹریننگ یا کوچنگ نہیں لی تھی۔